وزیراعظم کی زیر صدارت ترقیاتی پروگرام پیش رفت کا جائزہ اجلاس

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) برائے مالی سال 2019-20 کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، شفقت محمود، خسرو بختیار، مشیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری پلاننگ و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20 کی پہلی اور دوسری سہ ماہی کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف وزارتوں کی اب تک کی کاکردگی کی تفصیلی رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کردی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لیے حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 380 نئی اسکیموں کا اجراء کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی استحکام کا حصول حکومت کی بھرپور کوشش ہے۔ استحکام کا اگلا مرحلہ معاشی ترقی کی شکل اختیار کرے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا ویژن ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، جس کے لیے طویل المدت جامع منصوبہ بندی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ طویل المدت اور جامع منصوبہ بندی کے ضمن میں بین الوزارتی روابط اور کوارڈینیشن کلیدی اہمیت کے حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ اجلاس ختم، وزیراعظم کی معاشی ٹیم کو شاباش

اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے مختلف منصوبوں کی منظوری اور منظور شدہ منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء کے عمل کو سہل بنا دیا ہے۔ کوئی منصوبہ فنڈز کی کمی یا تاخیر کی وجہ سے التوا کا شکار نہیں ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بر وقت عمل سے ملک میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔


متعلقہ خبریں