اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس: یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 6 ارب روپے منظور


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے  یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ چھ ارب روپے کی سبسڈی آٹا، چینی، گھی، دالیں اور چاول پر دی گئی ہے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت  ہونے والےای سی سی اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کیلئے 7 ارب 90 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے اکتوبر میں جمعیت علمائے اسلام ف کے زیر اہتمام ہونے والے آزادی مارچ پر آنے والے سیکیورٹی اور انتظامی اخراجات  کے لیے 10 کروڑ روپے کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دے دی ہے۔

اجلاس میں کمیٹی کا عارضی سیکیورٹی انتظامات اور اس سے تاجر برادری کو ہونے والے نقصان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مستقبل میں سیکیورٹی کیلئے مستقل بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق دس کروڑ روپے میں سے 6 کروڑ روپے کنٹینرز مالکان کو ادا کیے جائیں گے۔ اعلمیہ میں کہا گیا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ کے اخراجات کے حوالے سے مستقل حل نکالا جائے۔ ہر مرتبہ کنٹینرز مالکان کو بلا وجہ کروڑوں روپے نہیں دے سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی برآمد پر پابندی لگا دی

ای سی سی اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید  احمد نے حکومت کو کنٹینرز خود خریدنے کی تجویز دی ہے۔

اجلاس میں فیڈرل کنسالئڈیٹڈ فنڈ سے 170 ارب روپے سے زائد کے سپلیمنٹری بجٹ سٹیٹمنٹ اسمبلی میں پیش کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے

اجلاس میں بنولا پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس چھوٹ کا معاملہ مزید غور کیلئے متعلقہ ادارے کو بھیج دیا گیا۔


متعلقہ خبریں