سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لندن/اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے، نوازشریف کی پاکستان کی خدمت کرنے والی شاندار ٹیم کے ایک اور رکن کی گرفتاری اچھی روایت نہیں ہے۔

احسن اقبال کی گرفتاری پر دیے گئے بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پارٹی کی تنظیم نو اور ملک بھر میں عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی سرگرمیاں کررہے تھے، جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر احسن اقبال کو شاباش ملنا چاہئے تھی، اس میں ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ احسن اقبال کی بلاجواز گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، عمران نیازی کی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا ہر سپاہی، ہر کارکن اور ہر ٹیم ممبر نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا، حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے عوام اور پاکستان کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی، انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیا جارہا، کوئی جیل، کوئی جھوٹا مقدمہ اور کوئی نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیں عوام کے حقوق کا دفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، اس لیے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے

حکومت سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔


متعلقہ خبریں