بی آر ٹی منصوبہ: خیبرپختونخوا حکومت کا ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع

بی آر ٹی میں سفر کرنا ہے تو ویکسین لگوائیں

فوٹو: فائل


پشاور: ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے میں خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

دوسری جانب پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے بھی ہائیکورٹ کی جانب سے منصوبے کی تحقیقات کا فیصلہ کالعدم قرار دیے جانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ پی ڈی اے کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں کو نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی اے کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات رکوانے کے لیے اپیل تیار کر لی ہے۔

اس حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل بٹ کا کہنا تھا کہ اپیل دائر کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم احتساب نہیں چاہتے، بی آر ٹی منصوبے سے متعلق تحقیقات کے احکامات پہلے بھی سپریم کورٹ روک چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس موقع پر تحقیقات سے معاملہ کسی اور طرف چلا جائے گا۔

شمائل بٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپیل تیار کرلی ہے جلد سپریم کورٹ کی پشاور رجسٹری میں دائر کریں گے، اپیل دائر کردی جائے تو سب کو معلوم ہوجائے گا کہ کیا موقف اختیار کیا گیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے چند روز پہلے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے بارے میں دائر پیٹیشن پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے کہا گیا ہے کہ وہ 45 روز میں اس منصوبے کی انکوائری مکمل کرے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔


متعلقہ خبریں