کابینہ نے 8 لوگوں کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 8 لوگوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ میں مختلف اداروں میں تعیناتیوں کے فیصلے کیے گئے اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 12 دسمبر 2019 کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ٹیکس قوانین میں اصلاحات کی منظوری دی اور اسلام آباد میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔  کابینہ نے دواوَں کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کو بھی یکسر مسترد کیا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ نے ای سی ایل میں نام ڈالنے اور نکالنے کی تجاویز کی منظوری دی جبکہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا گیا۔ کابینہ کے سامنے سمری لائی گئی جس میں کسی کا نام خصوصی طور پر پیش نہیں کیا گیا تاہم کابینہ نے ای سی ایل سے 8 نام نکالنے کی منظور دی۔ کابینہ نے نام نہ نکالنے کی ذیلی کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی۔

انہوں نے کہا کہ فرخ اقبال کو صدر اور سی ای او فرسٹ وویمن بینک جبکہ عرفان بخاری کو چیئرمین ایگزم بینک پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دیتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے 11 ارکان کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے 6 لاکھ افراد کو نکالنے کا فیصلہ

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر 13 ہزار 982 گھرانوں کو پیکج کے تحت امداد دی جائے گی جس میں 67 کروڑ روپے لاگت سے متاثرہ گھروں کو امداد ملے گی۔


متعلقہ خبریں