گرفتار افراد کی رہائی پر وزیر اعظم اور کابینہ کو تشویش ہے، علی زیدی


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ لوگ پکڑے جا رہے ہیں اور چھوٹ رہے ہیں جس کا ملبہ حکومت پر گر رہا ہے جس پر عمران خان اور کابینہ کو تشویش ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اگر جرم ثابت نہیں کر سکتا تو پکڑتا کیوں ہے ؟ لوگ اگر رہا ہو رہے ہیں تو اس کی ذمہ دار نیب ہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا ابھی ٹرائل شروع نہیں ہوا انہیں ضمانت ملی ہے وہ بری نہیں ہوئے تاہم ان کے بارے میں شہریار آفریدی ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔

علی زیدی نے کہا کہ نیب کسی کو گرفتار کرتی ہے تو انہیں جرم بھی ثابت کرنا چاہیے اور ریفرنس پیش کرنا چاہیے۔ نیب کی غلطی پر سوال حکومت پر اٹھتے ہیں لیکن نیب حکومت کے کہنے پر گرفتاری نہیں کرتی جبکہ نیب چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے تعینات کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں شریان سکڑنے کے باعث نواز شریف کو دل کا دورہ پڑ سکتا ہے

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست متفقہ طور پر مسترد کر دی گئی ہے کیونکہ وہ ایک سزا یافتہ ہیں اور انہیں باہر کیوں جانے دیا جائے۔ نواز شریف کے بھی بیرون ملک 4 ہفتے پورے ہو گئے وہ بھی اب وطن واپس آ جائیں۔


متعلقہ خبریں