بلوچستان میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، رہنما جے یو آئی ف


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور حزب اختلاف سے مشاورت کے بعد جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے وزیر صالح بھوتانی نے بلوچستان حکومت کی تبدیلی کے لیے مدد مانگی ہے تاہم ہم حزب اختلاف کی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جن لوگوں کی جانب سے تبدیلی کی کوشش کی جا رہی ہے تو یقینا ان کے ساتھ اراکین ہوں گے اسی لیے وہ کوشش بھی کر رہے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی کی باتیں چائے کی پیالی میں طوفان کے مترادف ہے کیونکہ صالح بھوتانی اور حزب اختلاف کے پاس سیاسی تبدیلی کے لیے سیاسی قوت ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صالح بھوتانی کے ساتھ ایک دو ارکان تو ہو سکتے ہیں جن میں قدوس بزنجو بھی شامل ہیں تاہم میرے پاس اس حوالے سے زیادہ معلومات نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں سعودی وزیر خارجہ جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام  کمال کو اسمبلی میں اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور ہمیں نہیں لگتا کہ کوئی تبدیلی آ سکتی ہے اور یہ اتنا آسان بھی نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں