موجودہ صورتحال میں حکومت کے خلاف نہ بولنا گناہ ہو گا، رہنما پیپلز پارٹی


کراچی: پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں نااہل حکومت کے خلاف نہ بولنا گناہ ہو گا۔ 

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں مکمل طور پر آئین اور عدلیہ کا راج ہو۔ اس وقت عدالت فیصلے کر رہی ہے لیکن حکومتی نمائندے ڈرانے دھمکانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 4 ماہ گزرنے کے باوجود نیب کی جانب سے ریفرنس تیار نہیں کیے جا رہے۔ نیب کے چیئرمین کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔ پرویز مشرف کے فیصلے پر جج کی جانب سے جو ریمارکس لکھے گئے وہی رویہ حکومتی نمائندوں کے بھی ہیں۔ جج کے ریمارکس پر اسے پاگل قرار دینے کی بات کی جا رہی ہے لیکن حکومتی نمائندے اور وزیر اعظم ایسی تقاریر کرتے ہیں تو ان کے بارے میں تو کچھ نہیں کہا جاتا۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ نئے انتخابات ہونا انتہائی ضروری ہیں تاکہ اہل پارلیمنٹ آئے اور کوئی عوامی فلاح و بہبود کے فیصلے ہو سکیں کیونکہ موجودہ حکومت انتہائی نااہل حکومت ہے جن کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے، موجودہ حکومت کوئی بھی فیصلہ کرنے کے قابل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نئے انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی نہ صرف سندھ میں دوبارہ آئے گی بلکہ دیگر صوبوں میں بھی ہم اپنی حکومت بنائیں گے۔ حزب اختلاف اس وقت مکمل طور پر متحد ہے۔ پیپلز پارٹی انفرادی طور پر حکومت کے خلاف جلسے کر رہی ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیانات بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت نے ملک کا جو حشر کر دیا ہے ان کے خلاف نہ بولنا گناہ ہو گا اس لیے ہم مسلسل حکومت کے خلاف بول رہے ہیں تاہم مسلم لیگ ن کی قیادت کی خاموشی کا ہمیں معلوم نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان کی پسماندگی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ملک کے خزانے کو درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا اور لوٹ مار کا بازار گرم رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی رہائی سے صرف حکومت کو ہی نہیں بلکہ عوام کو بھی پریشان ہونا چاہے۔ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور گواہوں کو لانا اور الزام ثابت کرنا نیب کی ذمہ داری ہے نیب وزیر اعظم کو جوابدہ نہیں ہے۔ نیب کے پاس اگر ثبوت نہیں ہیں تو وہ لوگوں کی عزت سے نہ کھیلیں۔

یہ بھی پڑھیں بلاول بھٹو زرداری نیب کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہو گئے

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اس ملک کی بربادی میں اس ملک کے حکمرانوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ سپریم کورٹ رہا کر دے تو وہ ٹھیک ہے لیکن اگر سزا دے تو وہ بری ہو جاتی ہے۔ مریم نواز جب جھوٹ بولتی تھیں اس وقت تو کسی کو افسوس نہیں ہوا لیکن اب جب ان کو سزا ہوئی تو اب کیوں افسوس کیا جا رہا ہے۔ قانون سب کے لیے ایک ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب آدمی مہنگائی کو کبھی نہیں بھول سکتا اور حکومت کو بھی اس بات کا احساس ہے اس لیے مختلف اقسام کے منصوبے لائے جا رہے ہیں تاکہ غریب کو زندہ رہنے کا حق تو مل جائے۔ جو لوگ اس ملک سے چوری کرتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے ایسے لوگوں کے خلاف ہم جہاد کر رہے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم نئے انتخابات کے لیے بھی تیار ہیں، ڈرے وہ جس نے چوری کی ہو ہم نے تو عوام کی خدمت کی ہے۔

عامر ضیا نے کہا کہ اس ملک میں نہ جانے کتنی دہائیوں سے الزامات کی سیاست ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں عوامی مسائل پس پشت چلے جاتے ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی کام نہیں ہوتا۔


متعلقہ خبریں