مسیحی برادری آج جوش و خروش کے ساتھ کرسمس منا رہی


لاہور: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری آج پورے جوش وخروش کے ساتھ  کرسمس منا رہی ہے۔

گزشتہ شب عیسائی برادری کرسمس کی تیاریوں میں مصروف رہی اور بازاروں میں عوام کا رش رہا۔ مرد و خواتین اور خاض طور پر بچے اس پرمسرت تہوار کو یادگار بنانے کے لیے پیش پیش رہے اور آج بھی پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات پر مسیحی برادری اپنی عید انجوائے کررہی ہے۔

سال بھر کا انتظار ختم ہوتے ہی گلی محلوں، گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کو برقی قمقموں اور دیدہ زیب سجاوٹی سامان سے سجا دیا گیا جبکہ چرچ اور گرجا گھروں میں عبادات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب بچے بھی بڑوں سے پیچھے نہیں اور اپنا مذہبی تہوار بھرپورانداز میں منانے کے لیے پرعزم ہیں اور اسی سلسلے میں رات بھر کوئی بچہ  ٹیبلوز پیش کرنے کی پریکٹس میں مگن رہا  تو کوئی ڈانس کی ریہرسل میں مصروف دکھائی دیتا رہا۔

سیکیورٹی کے انتظامات

ملک بھر میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی عبادتگاہوں کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ڈی ائی جی آپریشنز وقارالدین سید کے مطابق اسلام آباد میں سیکورٹی پلان کے تحت ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ چاروں زونل ایس پیز اپنے زون میں ڈیوٹی کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کے اردگرد خصوصی ناکہ بندی کے ساتھ اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ رات کے اوقات میں عبادت کے لیے آنے والے افراد کے لیے خصوصی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔عبادت گاہوں میں واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں ۔

کرسمس کی تاریخ

ہر برس دنیا بھر میں مسیحی برادری حصرت عیسیٰ ؑ  کی تاریخ پیدائش کی نسبت سے 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار مناتی ہے۔ اس موقع پر نا صرف چراغاں کی جاتا ہے بلکہ عیسائی اپنی روایات کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔

سانتا کلاز

کرسمس میں بچوں سمیت سب کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے تحائف تقسیم کرنے والا ‘سانتا کلاز’ جس کے بارے میں کئی کہانیاں مشہور ہیں۔

ایک روایت میں کہا جاتا ہے کہ ‘سانتا کلاز’ ایک ڈچ کردارسینٹر کلاس سے وجود میں آیا جو چوتھی صدی کے ایک یونانی کیتھولک بشپ سنیٹ نکولاز کی شخصیت سے متاثر ہوکر بنا۔

یہ ایک بہت عجیب و غریب کردار ہے جس کے بارے میں بچوں کو کچھ اور ہی کہانی سنائی جاتی ہے۔ جو کچھ ہوں ہے کہ کرسمس کے دن لال اور سفید گرم کپڑوں میں ملبوس ایک شخص آسمان سے گھوڑوں کی بگھی میں آئے گا اور تحائف لائے گا۔ جو دیکھنے میں عمر رسیدہ ہوگا اور اس کی سفید ڈارھی ہوگی۔

اسی طرح اس کے بارے میں ایک روایت میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ  خصرت عیسی ؑ  کے دور سے قبل یا رومن ایمپائرز کے دور سے بھی پہلے جب موسم سرما آتا تھا اور برف باری ہوتی تھی تو آسمانوں سے کوئی فرشتہ زمین پر اترتا ہے اور دیکھنے میں آج کے سانتا کلاز جیسا ہی ہوتا تھا۔

اس کے پاس بچوں کے لیے تحائف ہوتے تھے اور وہ تحفے بچوں میں تقسیم کرتا تھا اور آج تک ہر کرسمس پر یہ ہی روایت چلی آرہی ۔

واضح رہے سانتا کلاز کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی روایت نہیں جس پر سب کا اتفاق ہو۔


متعلقہ خبریں