فلم اسٹار میرا کا گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ


اسلام آباد: معروف ادکارہ میرا نے اداکاری کے میدان میں جوہر دکھانے کے بعد آواز کا جادو جگانے کی ٹھان لی ہے۔

معروف اداکارہ نے گلوکاری کے شعبے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد گلوکاری کے میدان میں بھی یہ روایت برقرار رکھنے کا عزم کر لیا ہے۔

شوبز کی دنیا میں سب کی نگاہوں کا مرکز کیسے رہنا ہے یہ فن نامور آرٹسٹ میرا خوب جانتی ہیں، اداکاری سے انوکھی اداؤں تک میرا نے جو بھی کیا خبروں کی زینت ضرور بنا ہے۔

فلموں سے دوری ہوئی تو میرا نے سروں کے تار چھیڑنے کا ارادہ باندھ لیا ہے، اس ضمن میں ان کا کہنا ہے کہ موسیقی کی باقاعدہ تربیت لینی شروع کر دی ہے۔

اداکارہ میرا نے مزید بتایا کہ آج کل ریاض کرتی ہوں، گلوکاری کے میدان میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم اداکارہ نے مداحوں کیلئے کچھ گنگنانے کی فرمائش پر یہ کہہ کر جان چھڑا لی کہ ابھی کوئی گانا یاد نہیں ہے۔

میرا کا کہنا ہے کہ میدان گلوکاری میں دھواں دار انٹری کا اعلان جلد پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گی۔


متعلقہ خبریں