رانا ثناء اللہ ابھی بھی ملزم ہیں، شہریار آفریدی

شواہد موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا جائیگا


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ ابھی بھی ملزم ہیں، انہیں ضمانت ملی ہے رہائی نہیں، اس حوالے سے ہم عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ  کی ضمانت پر رہائی کے بعد میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ویڈیو شہادت کا ایک بار ذکر کیا تھا لیکن سارا میڈیا اسی کا راگ الاپتا رہا۔ فلم کی شوٹنگ نہیں تھی کہ ہم ویڈیو بناتے رہیں۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ تاثر دیا گیا کہ رانا ثناء اللہ کو رہائی ملی ہے۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، رہائی نہیں ملی ہے، اس پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف شوہد موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا جائیگا اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ رانا ثناء اللہ کے اثاثے کیسے بڑھے؟ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وہ رئیل اسٹیت کا کاروبار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے 17 روز کے اندر عدالت میں تمام ثبوت پیش کردیے تھے۔ ان کو ضمانت پر رہائی دینا عدالت کا فیصلہ ہے۔ جب ٹرائل شروع ہوگا تب تمام شواہد اور گواہ پیش کیے جائیں گے۔ کیس کو منطقی اننجام تک پہنچانا عدالتوں کا کام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت منظور

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عدالتوں کا حترام کرتی ہے۔ سزا و جزا دینا میرا کام نہیں ہے۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ میں نے جب کہا جان اللہ کو دینی ہے تو میرا مذاق اڑایا گیا۔ کیا سب نے جان اللہ کو نہیں دینی ہے؟ میں کسی دباؤ میں نہیں آونگا۔ ہمارے پاس تمام شواہد اور چیزیں موجود ہیں، جو عدالت میں پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا ہم ڈرنے یا گھبرانے والے یا جھکنے والے نہیں، وزیراعظم عمران خان کو مجھ پر مکمل اعتماد ہے۔ خدارا رانا ثناء اللہ کیس کو میڈیا ٹرائل نہ بنائیں۔ مجھے دھمکیاں دی گئیں اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ میں تحقیقاتی ادارہ ہوں اور نہ ہی عدالت، میں اپنی رائے عدالتوں پر تھوپ نہیں سکتا۔ فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ آنے دیں، اس کو پڑھ  کر ہم اپنی حکمت عملی اپنائیں گے۔


متعلقہ خبریں