ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کیخلاف درخواست خارج

ابرار الحق

اسلام آباد: عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ابرارالحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کیخلاف دائر درخواست خارج کر دی۔

ڈاکٹر سعید الہی نے ابرارالحق کی چیئرمین ہلال احمر تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ چئیرمین تعیناتی کے رولز میں ترمیم کی گئی ہے۔

قبل ازیں عدالت نے ابرارالحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کر کے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سابق چیئرمین سعید الہی کو عہدے پر بحال کر دیا تھا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ انتظامی امور ہیں جو وزیر اعظم نے چلانے ہوتے ہیں۔

سعید الہی نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ میری تین سال کی مدت نو مارچ 2020 میں مکمل ہو رہی ہے اور اس سے قبل ابرارالحق کی تعیناتی غیرقانونی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مجھے عہدے سے ہٹانے سے قبل نوٹس نہیں دیا گیا۔ ابرارالحق سہارا فاؤنڈیشن کے سربراہ ہیں اس لیے یہ مفادات کا ٹکراؤ بھی ہے۔

سعید الہی کی طرف سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔


متعلقہ خبریں