آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت کو جواب دینے کیلئے تیار ہیں، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی کشمیر کے معاملے پر ضرور کچھ کرے گا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت کو جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

پنڈدادنخان میں 121 سال پرانے تاریخی منصوبے جلالپور کینال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی غلط حرکت کی گئی تو ہم تیار ہیں اور اس حوالے سے آرمی چیف سے بھی بات ہوئی ہے۔ مودی کے اقدام سے 80 لاکھ لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور یہ مودی گجرات کے مسلمانوں کا بھی قاتل ہے۔

انہوں ںے کہا کہ نریندی مودی تکبر میں فرعون بنا ہوا تھا لیکن اب ہندوستان کے لوگ ہی اس کے خلاف کھڑے ہوں گے اور ظلم کے نظام کو ختم کریں گے۔

وزیرا عظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک پر کرم کیا ہم نے ایک سال بہت مشکل سے گزارا ہے۔ ہم نے ایک سال میں آدھا ٹیکس کا پیسہ قرضوں کے سود میں ہی ادا کر دیا ہے۔ پرانی لیڈر شپ ڈالر خرید کر باہر بھیج رہے تھے جس کی وجہ سے روپے کی قیمت گر گئی اور ہم باہر سے جو چیز بھی لانے لگے وہ ہمیں 30 فیصد مہنگی ملی جس کی وجہ سے مہنگائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور اب روپے کی قیمت بھی آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے۔ 2020 ہماری ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہو گا اور اس سال ملک میں خوشحالی آئے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں دنیا کی ہر نعمت موجود ہے جس کا ہم نے فائدہ اٹھانا ہے۔ ملک میں موجود مافیا ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے جو تبدیلی کا خواہشمند نہیں ہے اور یہ مافیا ایف بی آر سمیت ہر شعبے میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخبارات میں بھی مافیا بیٹھا ہے جو پرانے نظام سے فائدہ اٹھا رہے تھے لیکن آج ان صحافیوں کا پیسہ بھی بند ہو گیا ہے تو وہ بھی ہمارے خلاف لکھ رہے ہیں۔ مافیا کے لیے اب 2020 کا سال انتہائی مشکل ہو گا اور یہ بہت شور مچائیں گے جس طرح دھرنے میں کنٹینر پر کھڑے ہوکر یہ شور مچا رہے تھے۔ جو جتنا بڑا چور ہے وہ اتنا زیادہ ہی شور مچاتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جس ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو گی وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا اس لیے ہم نے اس ملک سے کرپشن ختم کرنی ہے۔ چیین نے اپنے 450 وزیروں کو کرپشن کی وجہ سے جیلوں میں ڈالا۔

یہ بھی پڑھیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے متعلق حکومت کے تین بڑے فیصلے

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم بنا تو قوم کو کہا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے ہم مشکل وقت سے گزریں گے کیونکہ اصلاحات مشکل ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 115 کلومیٹر لمبی مصنوعی نہر کا سنگ بنیاد رکھا جس کی تکمیل چار سال میں ہو گی اوراس منصوبے پر 48 ارب روپے لاگت آئے گی۔

اس مصنوعی نہری منصوبے کی تکمیل کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک قرضہ فراہم کرے گا جو بنجر زمین کو ذرخیز بنانے اور علاقے کی قسمت تبدیل کرنے کا ذریعہ بنے گی۔

بنجر پڑی سینکڑوں ایکٹر علاقے کے عوام کو پینے کا پانی تک دستیاب نہیں ہے۔ سابق صدر جنرل ایوب خان دور کے بعد انڈس ٹریٹی طرز کا یہ پہلا منصوبہ ہوگا۔

ملکہ وکٹوریہ کی خدمت پر انگریز نے علاقے کے لوگوں کی قسمت بدلنے کے لئے 1898 میں یہ منصوبہ تحفے میں دیا تھا۔

بعد ازاں سابق صدر پرویز مشرف نے 2007 میں منصوبے پر کام شروع کرایا تاہم 2008 میں منصوبہ رک گیا۔


متعلقہ خبریں