الیکشن کمیشن آف پاکستان انتظامی بحران کا شکار

الیکشن کمیشن

اسلام آباد: اہم عہدوں پر عدم تعیناتیوں کے باعث غیرفعال الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) انتظامی بحران کا شکار ہو گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کے عہدے خالی ہونے کے بعد سیکریٹری الیکشن کمیشن کا عہدہ بھی خالی ہونے کے قریب ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب پانچ روز بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

ذرائع ہم نیوز کا کہنا ہے کہ نئے سیکریٹری الیکشن کمشن کے لیے الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال کا نام زیر غور ہیں۔

الیکشن کمیشن میں ایڈیشنل سیکریٹری اور تین صوبائی الیکشن کمشنر کی عہدے تاحال خالی ہیں جب کہ قائمقام چیف الیکشن کمشنر اہم تقرر کے لیے الیکشن کمیشن مکمل ہونے کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ 17 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تعیناتی کیلئے حکومت کو دس روز کی مہلت دی تھی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے لیگی رہنماؤں محسن شاہ نواز رانجھا، مرتضی جاوید عباسی اور جہانگیر جدون کی درخواستوں پر سماعت کی۔

وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ جبکہ سیکرٹری قومی اسمبلی بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سیکرٹری قومی اسمبلی نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن میں سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لیے مزید دس دنوں کی مہلت دی جائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے اس عدالت کو اعتماد ہے کہ آپ اس مسئلے کا حل نکال لیں گے، اس مسئلہ کے حل کے لیے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو مرکزی کردار ادا کرنا چاہئے

ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہیے تاکہ دنیا کو پتہا چل سکے کہ پارلیمنٹ بالادست ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت 31 دسمبر تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں