بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار

لاہور: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کے خبر رساں ادارے کے مطابق بی سی بی صدر ناظم الحسن کی بورڈ ممبران سے ملاقات ہوئی ہے جس میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ناظم الحسن نے سینئر بنگلہ دیشی کرکٹرز مشفیق الرحیم اور محمود اللہ ریاض سے بھی ملاقات کی۔

ملاقاتوں کے بعد صدر بی سی بی کا کہنا تھا بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گا، کوچنگ اسٹاف پاکستان میں لمبا عرصہ رہنا نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلیے تیار ہیں مگر سینئر پلیئرز سے بات کرینگے، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مثبت اشارے ملے ہیں، حال ہی میں ہماری ٹیموں نے دورہ پاکستان کیا لیکن سیکیورٹی پر سوالات نہیں اٹھائے گئے۔

ناظم الحسن کا مزید کہنا تھا کہ سینئر ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے بارے میں ابھی ہم نے جاننا ہے کہ وہ واقعی پاکستان جانا چاہتے ہیں یا نہیں، حکومتی گرین سگنل ملنے اور مضبوط ٹیم کی تشکیل کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے سوال پر بات ہو گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تاحال بنگلہ دیشی بورڈ کے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔


متعلقہ خبریں