عمران خان جانتے ہیں مجھ پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا، رانا ثنا اللہ

فوٹو: فائل


فیصل آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں مجھ پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا میں اپنا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھاؤں گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے رہائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ جھوٹ کو سچ ثابت کرنا چاہتے تھے مگر ایسا نہیں ہو سکا۔ میں یکم جون کو فیصل آباد سے لاہور روانہ ہوا تھا اور راوی ٹول پلازہ پر میری گاڑی کو روک کر ڈرائیور کو نیچے اتارا گیا۔ جس کے بعد میری گاڑی کو اے این ایف ہیڈ کوارٹر لے جایا گیا اس دوران کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سیکیورٹی اہلکاروں سے پوچھا کہ کیا معاملہ ہے تو کہا گیا اوپر سے حکم آیا ہے اور مجھ پر الزام عائد کیا گیا کہ افغانستان سے فیصل آباد ہیروئن اسمگل کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کبھی بھی ہیروئن استعمال نہیں کی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی مقدمے کے ذریعے میری اور پارٹی کی کردار کشی کی گئی۔ میرے پاس سے ہیروئن ملی تھی تو وہ کہاں گئی ؟ مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنانے والوں پر اللہ کا قہر نازل ہو۔  رہائی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عوام جسے ووٹ دے اسے تسلیم کرنا چاہیے کیونکہ سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی سرکار ملک کو ترقی نہیں کرنے دے گی۔ شہریار آفریدی نے پہلے ویڈیو ہونے کے دعوے کیے اور بعد میں مکر گئے، ہمارے ملک میں رواج ہے جھوٹ بول کر کہتے ہیں جان اللہ کو دینی ہے۔ میری اہلیہ کو تو نامعلوم نمبروں سے فون کالز بھی آتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ، مسلم لیگ ن کا احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کفر کی حکومت تو چل سکتی ہے لیکن جھوٹ کی نہیں۔ میں اپنے معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھاؤں گا اور قران پاک ہاتھ میں رکھ کر یہ سب باتیں کروں گا۔ عمران خان بھی جانتے ہیں میرے خلاف جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا۔


متعلقہ خبریں