سعودی عرب نے پاکستان کی بھرپور امداد کا اعلان کر دیا

سعودی عرب کا پاکستان کی بھرپور امداد کا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقاتوں کے اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد کا پیغام بھی پہنچایا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی بات کی گئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فارما سوٹیکل قابل تجدید توانائی میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں اور توقع ہے صحت، سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ بھارت میں متنازع قانون اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات وزارت خارجہ میں ہوئی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سیکیورٹی، اقتصادی و دفاعی تعاون پر بھی بات کی گئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں سعودی سرمایہ کاری پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے جبکہ پیٹروکیمیکل، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پاکستان کے دیگر شہروں تک وسعت دی جائے۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق 5 اگست کو یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کیے۔

وزیر خارجہ نے مہمان ہم منصب کو بھارتی شہریت ایکٹ سے متعلق بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریت ایکٹ میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت کو جواب دینے کیلئے تیار ہیں، وزیر اعظم

شاہ محمود قریشی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر میں سعودی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان سے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، سعودی قیادت نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مضبوط ،خوشحال اور کامیاب پاکستان کا خواہاں ہے، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے او آئی سی کے کردار پر بھی بات چیت کی۔


متعلقہ خبریں