شاہد خاقان نے وکلاء کو درخواست ضمانت دائر کرنے سے روک دیا


اسلام آباد: ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکلاء کو  درخواست ضمانت دائر کرنے سے روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی قانونی ٹیم نے ضمانت کی درخواست تیار کرلی ہے، تاہم سابق وزیراعظم نے اپنے وکلاء کو درخواست دائر کرنے سے روکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا اصرار ہے کہ شاہد خاقان عباسی  عدالت میں درخواست ضمانت دائر کریں۔ تاہم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ایل این جی کیس بےبنیاد ہے، احتساب عدالت نیب کی جانب سے دائر ریفرنس  کو خارج کرے۔

شاہد خاقان عباسی کی قانونی ٹیم کی جانب سے ان کو بتایا گیا ہے کہ وہ ضمانت کے حقدار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عدالت ایل این جی کیس میں سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق اور مفتاح اسماعیل کو پہلے ہی رہا کرچکی ہے، اس لیے ان کی ضمانت جلد ہو سکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے ضمانت کی درخواست دائر کرنے کے لیے اہلخانہ کا مشورہ بھی نظر انداز کیا ہے اور اپنی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ بے قصور ہیں اس لیے ایسی کوئی درخواست دائر نہیں کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں