وزیر اعظم سے تاجروں کی ملاقات کی اندرونی سامنے آگئی


کراچی:  تاجروں نے وزیراعظم عمران خان سے آج ہونے والی ملاقات کے دوران شکایتوں کے انبار لگا دیے اور گلے شکوے کیے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران تاجروں نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں لیکن مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  تاجر رہنماؤں نے عمران خان سے شکوہ کیا کہ آپ کی معاشی ٹیم آپ کے احکامات پر عمل نہیں کرتی ہے۔

تاجروں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کراچی کی صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں۔ گیس بحران کی وجہ سےاربوں روپے کے ایکسپورٹ آرڈر وقت پر نہیں دیے جاسکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے مسائل ہیں، سوئی سدرن گیس انتظامیہ کو اسلام آباد بلا کر بات کروں گا۔

تاجر رہنماؤں نے وزیراعظم کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا رویہ پہلے کی طرح تاجر دشمن ہے، ٹیکس نظام کو مزید بہترکیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تاجر برادری کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔ عمران خان نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کےذریعے آپ سب سے رابطے میں رہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے 2020 کو پاکستان کی ترقی کا سال قرار دے دیا

عمران خان  نے گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ معاشی ٹیم کے تعاون نہ کرنے پر  آپ مجھے مطلع کریں۔ نیا سال معیشت اور عوام کے لیے نئی خوشخبریاں لائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے رہائشی علاقوں اور ٹرانسپورٹ نظام کو ٹھیک کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کو پینے کے پانی اور گیس کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔

عمران خان نے گورنر سندھ کو صنعتی علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے  صوبائی حکومت سے بھی مدد لینے کی ہدایت کردی۔

 


متعلقہ خبریں