موسم کی خرابی، وزیراعظم کے طیارے کو اسلام آباد اترنے کی اجازت نہ مل سکی


اسلام آباد: کراچی سے واپسی پر خراب موسم کے باعث عمران خان کے طیارے کو نورخان ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ ملی جس کے بعد اس کا رخ پشاور ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم اسلام آباد کی جانب روانہ ہوئے تو دھند کے باعث ان کے طیارے کو اترنے سے روک دیا گیا۔

وزیراعظم کے طیارے نے ایئرپورٹ کا دو مرتبہ چکر لگایا مگر اجازت نہ مل سکی جس کے بعد اسے پشاور کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

شاہ محمود قریشی، عثمان ڈار اور گورنر خیبرپختونخوا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

طیارے کے پشاور ایئرپورٹ پر پہنچنے کی اطلاع ملنے پر عملے کی دوڑیں لگ گئیں، گیارہ بجے کے بعد طیارہ باچا خان ایئرپورٹ پر اتر گیا۔

یاد رہے کہ عمران خان آج کراچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے تاجروں اور جماعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ  نیب کو صرف پبلک آفس رکھنے والے افراد کی جانچ پڑتال کرنی چاہیئے، تاجروں کے لیے یہ رکاوٹ اب دور ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ 2023 تک سب کو یاد دلاتے رہیں گے کہ انہیں کن حالات میں حکومت ملی تھی، وہ گزشتہ حکومتوں کے کارنامے بتاتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ جب ان کی حکومت آئی تو ملک پر 30 ہزار روپے کا قرض تھا، وہ اگلے الیکشن تک اپنی کارکردگی بتاتے رہیں گے۔

 


متعلقہ خبریں