پارہ منفی 18، میدانی علاقوں میں شدید دھند

محکمہ موسمیات

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے جب کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 18 تک گر سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں بھی رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے جب کہ بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ تین دن سے دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے جو اتوار تک رہے گا۔ ہفتے کی صبح شہر کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 15 تک جا سکتا ہے۔

پنجاب کے میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سرگودھا، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سے شدید دھند پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ پاکپتن، شیخوپورہ، گوجرہ اور بہاولنگر میں بھی شدید دھند پڑنے سے حد نگاہ کم ہوگئی۔

بالائی سند ھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں رات اور صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک، صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان میں دھند پڑ سکتی ہے۔

آزادکشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ہفتے کے روز موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ۔

سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی 12، گوپس منفی11، بگروٹ منفی 09، گلگت، ہنزہ منفی 07، قلات منفی 06، کالام منفی 05 اور پاراچنار میں منفی 04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں