وزیراعظم نے خود کو بچانے کیلئے نیب آرڈیننس2019 پاس کیا، رہبر کمیٹی



اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی نے حکومت کیخلاف بولنے پر گرفتاریوں کو شرمناک قرار دے دیا ہے۔

رہبرکمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد کنوینئیر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے اور حکومت مخالف بولنے والوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنے آپ اور دوستوں کو بچانے کیلئے نیب آرڈیننس2019 منظور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سینیٹ اور پارلیمنٹ میں اس آرڈیننس کا جائزہ لے گی۔

اس حکومت نے پارلیمان اور اداروں کی بے توقیری میں کم نہیں چھوڑی۔

اکرم درانی نے کہا کہ نیب کو متنازعہ بنانے کے بعد ایف آئی اے کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اتنا کرے جتنا خود برداشت کر سکے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار،  پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی اور ہمایوں خان بھی رہبرکمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ ن لیگ کے ایاز صادق، میاں افتخارحسین، عثمان کاکڑ، شفیق پسروری اور ہاشم بابر بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی کے اجلاس میں نیب کی جانب سے اپوزیشن اراکین کی گرفتاریوں کے متعلق مشاورت کی گئی۔ آرمی چیف کی ملازمت کی مدت میں توسیع اور پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے پر بھی گفتگو و شنید ہوئی۔

تمام اپوزیشن ممبرز اجلاس میں اپنی اپنی پارٹی کا مؤقف پیش کیا اور اجلاس میں کی گئی مشاورت سے اپنے اپنے قائدین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ کمیٹی کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر، ممبران کے تقرر سے متعلق امور پر بھی مشاورت ہوئی۔


متعلقہ خبریں