2019 مشکل تھا، 2020ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا، عمران خان

فوٹو: ہم نیوز



پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 2019 مشکلات کا سال تھا لیکن اب صورتحال بہتر ہے 2020 ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اصلاحات کر رہی ہے جس کے سبب مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 2019 میں معاشی اور بیرونی قرضہ جات کے مسائل تھے جن پر قابو پالیا گیا ہے 2020 میں ان کوششوں کا ثمر ملے گا۔

لوگ ٹیکس نہیں دینا چاہتے اس لیے اصلاحات کے خلاف ہیں، اصلاحات کرنے پر مزاحمت ہوتی ہے لیکن یہ حکومت کسی صورت اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ملک کبھی پاکستان سے پیچھے تھے وہ آگے نکل چکے ہیں ترکی اور ملائیشیا نے اصلاحات کے ذریعے ملک کو اٹھایا۔

عمران خان نے کہا کہ اسپتالوں اورتعلیمی اداروں میں معیار کی بہت ضرورت ہے، حکومتی چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی نجی اداروں کا مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سرمایہ ہے۔ میں اوورسیزپاکستانیوں کےمسائل کو سمجھتا ہوں۔

بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آرایس ایس بھارت میں نازی جرمنی کی پالیسی پر چل رہی ہے۔  بھارت میں پڑھے لکھے ہندو اور دیگرمذاہب کے لوگ شہریت قانون کیخلاف کھڑے ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی نظربندی کو 5 مہینے ہونےوالے ہیں، بھارت میں بوتل سے نکلا جن واپس نہیں جائے گا۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں میں پہلی باربھارت پرتنقید ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی اخباروں میں پہلی بار بھارت کےخلاف آواز اٹھ رہی ہے اور بھارت توجہ ہٹانے کیلیے کوئی کارروائی کرسکتاہے


متعلقہ خبریں