عوامی نیشنل پارٹی نے نیب ترمیمی آرڈیننس مسترد کر دیا


پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے نیب ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے لوگوں کو بچانے یہ ترمیم کی ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سیلیکٹڈ وزیر اعظم نے پشاور بی آر ٹی، مالم جبہ اسکینڈل اور ہیلی کاپٹر کیس سے بچنے کے لیے نیب آرڈینس میں ترمیم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر نیب قانون میں ترمیم چاہتی ہے تو اسے پارلیمنٹ کے ذریعے کرے اور ایسا قانون لائے جو شفاف ہو اور سب کے لیے برابر ہو۔

اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم نے ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا ہے، آئین سے متصادم قانون سازی نہیں ہو سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سمجھنا چاہیئے کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس لانا پارلیمنٹ کی تضحیک ہے، انہوں نے پارلیمنٹ کو بے توقیر اور غیر فعال کر دیا ہے۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ آئین کے تحت بننے والا قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے، یہ دنیا میں انہونی مثال ہے کہ آئین سے متصادم قانون سازی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو علم نہیں کہ پارلیمنٹ کے غیر فعال ہونے سے آئین بھی غیر فعال ہو جاتا ہے جبکہ ملک آئین کے مطابق چلتا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ سیلیکٹڈ وزیر اعظم اداروں، جمہوریت اور آئین کو نقصان پہچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں