بالائی علاقوں میں پارہ منفی21 تک گرگیا

موسم

محکمہ موسمیات کی ملک میں موسم سے متعلق بڑی پیشگوئی


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔

پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے  بعض اضلاع میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں آج تین دن بعد دھند ختم ہوگئی تاہم مطلع ابر آلود ہونے اور کُہر پڑنے سے سردی کی شدت برقرار ہے۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 14 تک جا سکتا ہے۔

پنجاب کے علاقے ڈسکہ، پاکپتن، میانوالی، بھکر، تونسہ، گوجرا اور ملتان سے شدید دھند پڑنے اطلاع موصول ہوئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال سے ملتان موٹروے کو شدید دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ کسوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودہراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، ظاہر پیر، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید دھند پڑی ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں بھی شدید دھند پڑی ہے۔  دھند کے سبب ہزارہ موٹروے کو برہان سے لیکر جاڑی کس تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

صوبہ کے میدانی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک، صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سند ھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں بھی دھند چھائی رہے گی۔

کراچی میں آج موسم دن بھر خشک اور سرد رہے گا۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو 25 تک جا سکتا ہے۔ بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں