مانسہرہ بچہ زیادتی کیس: ملزم شمس الدین کا جسمانی ریمانڈ منظور

مانسہرہ بچہ زیادتی کیس: ملزم شمس الدین کا جسمانی ریماند منظور

فوٹو: ہم نیوز


مانسہرہ: مجسٹریٹ عدالت نے بچہ زیادتی کیس میں گرفتار ملزم شمس الدین کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

پولیس نے سخت سیکیورٹی میں ملزم کو مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور 14 دن کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے پانچ دن کا ریمانڈ منظور کیا۔

انچارج پراسیکیوٹر محسن مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ملزم کا ڈی این اے کرایا جائے گا اور شریک ملزمان سے متعلق تفتیش کی جائےگی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کو تین دن تک پناہ دینے والوں کو بھی شامل تفتیش کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل مانسہرہ کے مدرسے میں ایک بچے کو 100 سے زائد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنانے پر پولیس نے ملزمان کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

پہلے مرحلے میں پانچ معاون ملزمان کو گرفتار کرکے غیر رجسٹرڈ مدرسے کو سیل بھی کردیا گیا تھا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ہزارہ مظہر الحق کاکا خیل نے مرکزی ملزم قاری شمس الدین کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق ملزم گورنمنٹ ہائی اسکول ٹھاکر میرا میں معلم ہے۔

اس اطلاع کے بعد خیبرپختونخوا کا محکمہ تعلیم بھی حرکت میں آگیا ہے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(ڈی ای او) مانسہرہ نے جنسی زیادتی کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ اس ضمن میں مشیر تعلیم کا کہنا ہے کہ الزام ثابت ہونے کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں