کراچی میں6 منزلہ عمارت گر گئی، بھاری مالی نقصان کی اطلاع



کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن کی سومرا گلی میں چھ منزلہ عمارت گر گئی ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع فی الحال موصول نہیں ہوئی۔

قبل ازیں عمارت دراڑیں پڑنے سے ٹیڑھی ہوگئی تھی جسے خالی کرا لیا گیا تھا تاہم مکینوں کا  سامان اندر موجود تھا۔ ذرائع کے مطابق رہائشی عمارت ٹمبر مارکیٹ کے صدر کی ہے اور اسے 15 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا۔

عمارت ٹیڑھی ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچی تھی اور لوگوں کو باہر نکالا۔ ای بی سی اے حکام نے جیک لگا کر عمارت کو سہارا دینے کی کوشش کی جو کامیاب نہیں ہو سکی۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)حکام کے مطابق چھ منزلہ عمارت میں 21 فلیٹس تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت پرانی تھی اور کالم کمزور ہوگئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آسکیں۔ کراچی میں 380 عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا تھا لیکن اس عمارت کا نام اس فہرست میں نہیں تھا۔

ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں کے سامان کی فہرست تیار کی جائے گی جس سے مالی نقصان کا پتا چل سکے گا۔

مخدوش عمارت گرنے کے بعد پولیس نے راستے کو بند کر دیا ہے اور کسی کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ قریب کی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا۔

جس علاقے میں عمارت گری وہاں قیام پاکستان سے پہلے کی عمارتیں موجود ہیں اور وہاں اتنی بلند عمارتیں بنانے کی قانونی اجازت نہیں ہے۔ پرانے کراچی میں کم سے کم 305 عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے۔  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور ایس بی سی اے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں