حکومت سے علیحدگی کی صورت میں بلاول کی ایم کیو ایم کو بڑی پیشکش



کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو پیشکش کی ہے کہ اگر ایم کیو ایم وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کر لے تو انہیں سندھ میں وزارتیں دے دی جائیں گی۔ 

ایک تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ جتنی وزارتیں ایم کیو ایم کے پاس وفاق میں ہیں اتنی ہی انہیں سندح حکومت میں دے دی جائیں گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ بننے والی حکومتوں کو وفاق سے اپنا حق چھیننا پڑے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں پیپلز پارٹی کی حکومت مشکلات کے باوجود کارکردگی دکھا رہی ہے، سندھ حکومت کو ضرورت کے مطابق فنڈز نہیں ملتے۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ کراچی  میں کام ہو اور شہر ترقی کرے اس مقصد کے حصول کیلئے مل کر مزید کام کریں گے کیونکہ پورے پاکستان سے لوگ کراچی آتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کراچی میں  کام کررہی ہے، کراچی میں روڈ انفراسٹرکچر پر محنت ہورہی ہے، شہر قائد میں 2 پلوں اور ایک انڈرپاس کا افتتاح کیا ہے، منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کے نظام میں بہتری آئےگی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال بہت خطرناک ہے، غریب طبقے کیلئے دن بدن مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، حکومتی اقدامات  غریب دشمنی کی علامات ہیں۔


متعلقہ خبریں