نئے سال کا آغاز: عوام پر پیٹرولیم بم گرانے کی تیاریاں

پیٹرولیم مصنوعات

اسلام آباد: حکومت نے نئے سال کے آغاز پر عوام پہ پیٹرولیم بم گرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے وفاقی وزارت خزانہ کو بھجوادی گئی ہے۔

’حکومت پیٹرول پر 35، ڈیزل پر 46 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کررہی ہے‘

ہم نیوز کو اس ضمن میں پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے قیمتوں میں ردو بدل کی جو سمری بھیجی گئی ہے اس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 61 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے دس پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جائے اور لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی دو روپے آٹھ پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اگر بھیجی گئی سمری منظور کرلی گئی تو قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 116 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے ملنے والی منظوری کے بعد لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 84 روپے 51  پیسے فی لیٹر ہوجائے گی اور مٹی کا تیل 99 روپے 45 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارتی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے امکان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ نئے سال کا تحفہ ہے۔

انہوں نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نئے سال کے آغاز پر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی ہے تو کم از کم مزید مہنگائی تو نہ کرے۔

سینیٹر شیری رحمان نے استفسار کیا ہے کہ حکومت کس بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے کیونکہ حکومت پہلے ہی عالمی منڈی کے مقابلے میں مہنگا تیل فروخت کررہی ہے۔

’حکومت پیٹرول پر فی لیٹر 38 روپے ٹیکس وصول کررہی ہے‘

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں 27 روپے فی لیٹر کا اضافہ کرچکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام مزید مہنگائی برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں