عمران خان کا خواجہ سراؤں کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کا طبقہ بہت مشکلات کا شکار ہے، حکومت نے ان کی ذمہ داری لینے اور انہیں اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خواجہ سراؤں میں صحت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں نے خواجہ سراؤں کے لیے کام نہیں کیا، اس طبقے کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے لیے اپنا علاج کرانا بہت مشکل ہے، ان  پر جب مشکل وقت آتا ہے تو سارا پیسہ جمع کرا کے علاج کراتے ہیں، کینسر کے علاج کے لیے اپنا گھر اور زیور تک فروخت کر دیتے تھے، صحت کارڈ کے ذریعے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2019 کے دوران معاشی حالات بہت خراب تھے البتہ 2020 ترقی کا سال ہے، پوری کوشش ہے کہ نئے سال میں نوکریاں پیدا کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب گھرانوں کے لیے راشن کارڈ بھی شروع کریں گے، مزید لنگر خانے بھی کھولیں گے۔

عمران خان نے کمزور طبقوں کو اوپر اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت احساس پروگرام کو پورے ملک میں پھیلائے گی، نوجوان طبقے کے لیے مزید قرضے دیں گے۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ مقصود ہے۔


متعلقہ خبریں