بلاول بھٹو مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں، ایم کیو ایم

بلاول حکومت کے غیر اعلانیہ اتحادی ہیں، ترجمان ایم کیو ایم

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وزارتوں کی پیشکش کرنے کے بجائے مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں۔

حکومت سے علیحدگی کی صورت میں بلاول کی ایم کیو ایم کو بڑی پیشکش

ہم نیوز کے مطابق ترجمان ایم کیو ایم نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا ہے، وزارتوں کے لئے نہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں لیکن حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کریں گے.

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ وزارتوں کے بجائے عوامی حقوق کی سیاست کر رہے ہیں۔ ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اپنی جماعت کے 12 سالہ دور حکومت میں سندھ اور بالخصوص کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کو اپنے ایجنڈا میں شامل کریں۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق پی پی پی اگر سندھ اسمبلی میں مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے کے قانون میں ترمیمی بل لائے گی تو متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر پی پی پی سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ  کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے اور تلافی کرنے کی خواہش مند ہے تو واٹربورڈ، کے ڈی اے، ایل ڈی اے اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام شہری اداروں کو مقامی حکومت کے ماتحت کرے۔

ہم نیوز کے مطابق ترجمان ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ سالانہ ساڑھے تین سو ارب روپے صوبائی حکومت کو دینے کے باوجود کراچی کی تقدیر نہیں بدلی ہے اور جتنے بھی ترقیاتی منصوبے وفاق یا سندھ حکومت نے شروع کیے ہیں وہ کراچی کے لیے ناکافی ہیں۔

بلاول بھٹو کی پیشکش: ایم کیو ایم ساتھ دینے کے لیے شرائط عائد کرے گی؟

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق سندھ کے شہری علاقوں کی واحد نمائندہ جماعت ایم کیوایم ہے جو زیادتیوں پرآواز بلند کررہی ہے۔ ان کا واضح طور پرکہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی سیاست وزارتوں کے لیے نہیں بلکہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہے۔


متعلقہ خبریں