‘پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے پر عزم ہے‘

بھارت نے خوف کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جبر جاری رکھا ہوا ہے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔

وزارت خارجہ میں بین الوزارتی اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  بھارت 5 آگست سے مسلسل کرفیو کے ذریعے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مواصلاتی بلیک آؤٹ اور دیگر پابندیوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا جارہا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سمیت دنیا کے ہر بڑے فورم تک پہنچانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج بین الاقوامی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو سامنے لا رہا ہے اور عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو دعوت فکر دے رہا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوسی فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر عشرت حسین، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

دوران اجلاس مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو میڈیا کے ذریعے دنیا بھر کے سامنے لانے اور اہم خارجہ پالیسی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر کو اُجاگر کرنے کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا گیا

اجلاس میں انسٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کو از سر نو فعال اور متحرک بنانے اور عالمی نوعیت کی تحقیق کو فروغ دینے کیلئے مختلف انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں