مصباح الحق کھل کر سرفراز کیخلاف بول پڑے

فائل فوٹو


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد کی خراب کارکردگی سے بھی ٹیم کو نقصان ہوا۔

2019 میں ٹیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اور شعیب ملک کی فارم کا نہ ہونا سمیت کئی اہم مسائل عہدہ سنبھالتے ہی میرے سامنے کھڑے تھے۔

مصباح کا کہنا تھا کہ 2019 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مشکل تھا لیکن سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے سال کا اختتام اچھا ہوا۔ جن کھلاڑیوں پر انحصار تھا،ان کی فارم خراب رہی۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹی20 میں بھی ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی ہم رینکنگ میں تو اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے مگر اس فارمیٹ میں بھی ٹیم کی جیت کا تناسب کم رہا جس کی ایک بڑی وجہ اہم میچز سے قبل قومی کرکٹرز کا آؤٹ آف فارم ہونا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ  باؤلرز میں حسن علی اور شاداب خان کی فارم خراب ہونے کے باعث قومی ٹی20 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی اور رواں سال صرف ایک ٹی20 میچ ہی جیت سکی۔

ٹیسٹ کرکٹ کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس فارمیٹ میں ابھی بہت محنت کرنی ہے، نئے باولرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا پرفارم کیا اور مستقبل میں ان پر انحصار کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل میچوں کا انعقاد نہ ہونا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ طویل اور چھوٹے فارمیٹ میں تمام مشکلات کو دور کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔  قومی کھلاڑیوں کو جتنے زیادہ میچز ملیں گے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ مستقبل میں بہترین نتائج کے حصول کے لیے کام جاری ہے اور اس کے نتائج  آہستہ آہستہ سب کے سامنے آئیں گے۔

مصباح کا کہنا تھا کہ اصل ہدف قومی کرکٹ ٹیم کو تینوں فارمیٹ میں وننگ ٹریک پر گامزن کرنا ہے۔ قومی ٹیم مستقبل میں بہتر نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


متعلقہ خبریں