2019 کے دوران کرکٹ میں 11 نوجوان کرکٹرز نے سبز کیپ حاصل کی

2019 کے دوران کرکٹ میں 11 نوجوان کرکٹرز نے سبز کیپ حاصل کی

پاکستان کی جانب سے 2019  کے دوران مجموعی طور پر 11 کرکٹرز نے مختلف فارمیٹ میں پاکستان کی سبز کیپ حاصل کی، کچھ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھتے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2019 میں تینوں فارمیٹ میں کھلاڑیوں کو آزمایا، عابدعلی کیلئے یہ سال سب سے زیادہ یادگار رہا۔ انہیں ون ڈے اورٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا اوردونوں فارمیٹ میں انہوں نے پہلے ہی میچ میں سنچری کرنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔

پاکستان کے نوجوان تیزرفتار گیند باز نسیم شاہ کو سولہ سال کی عمر میں دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا، کراچی ٹیسٹ میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر وہ دنیا کے کم عمرترین تیزرفتار گیندباز بن گئے۔

ایک اور نوجوان فاسٹ بالر محمد موسٰی نے 2019 میں پاکستان کی سبز کیپ حاصل کی۔ انہوں نے دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کیرئیر کا آغاز کیا۔

فاسٹ بالرعثمان شنواری نے اسی سال سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا اور ڈیبیو ٹیسٹ میں ایک وکٹ حاصل کی۔ عثمان شنواری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پہلے ہی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

پاکستان سپرلیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد سیلیکٹرز کی نظروں میں آنے والے فاسٹ بالر محمد حسنین نے 2019 میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر خوشدل شاہ کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شمولیت کی خوشی نصیب ہوئی، انہوں نے دورہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا آغاز کیا۔

اوپننگ بلے باز امام الحق کو 2019 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا، امام الحق نے دورہ انگلینڈ میں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔

پاکستان سپرلیگ میں شاندار کارکردگی دکھا کر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے والے حسین طلعت نے 2019 میں ون ڈے کیرئیر کا بھی آغاز کیا، انہیں دورہ جنوبی افریقہ میں کھیلنے کا موقع ملا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شان مسعود 2019 میں ون ڈے فارمیٹ میں بھی پاکستان کے لیے کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کیا۔۔

اسی سیریز میں سعدعلی نے ون ڈے میں ڈیبیو کیا، جبکہ ٹیسٹ فاسٹ بالر محمدعباس کو بھی اسی سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا۔۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں