بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔

پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض میدانی اضلاع میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے علاقے میانوالی، شرقپور شریف، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سرگودھا، لیہ، بھکر، خوشاب، میانوالی، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے بعد علاقوں میں دھند پڑی ہے۔

بالائی سند ھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جب کہ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ کوئٹہ، ژوب، پشین، قلعہ عبد اللہ، تربت، کیچ اور پنجگورمیں ہلکی بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ چترال، سوات اور دیر کے اضلاع میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقے جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں