چینی باشندے نے کراچی پولیس کے اہلکار کو لہولہان کر دیا


کراچی : قیوم آباد کے علاقے میں گاڑی اٹھانے کے تنازعہ پرچینی باشندے نے پولیس اہلکار پر تشدد کر کے اسے لہولہان کر دیا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق چینی باشندہ پاکستانی ڈرائیور کے ساتھ ایک شاپنگ مال پہنچا اور نوپارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی کوشش کی۔

پولیس اہلکار عامر نے اسے روکا تو چینی باشندہ مشتعل ہو گیا اور تشدد پر اتر آیا جس کے نتیجے میں پولیس والے کے چہرے سے خون بہنے لگا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے فوراً موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر کے پرچہ درج کر دیا اور چینی باشندے کی گاڑی اپنے قبضے میں کر لی۔

یہ پاکستان میں پہلا موقع نہیں ہے جب کسی چینی باشندے نے قانون کی خلاف ورزی کی، اس سے قبل بھی اس قسم کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

اپریل 2018 میں بھی چینی انجیئنرز نے اپنی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

اس سے قبل مظفر گڑھ میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں