قصور: برادرز شوگر ملز چونیاں کے مالک حاجی نشاط گرفتار


قصور: برادرز شوگر ملز چونیاں کے مالک حاجی نشاط کوعدالت عالیہ کے حکم پر گرفتارکرلیا گیا۔ عدالت عالیہ کی جانب سے کسانوں کو گنے کی ادائیگی نہ کرنے پر گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

پنجاب میں چینی کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا

ہم نیوز کے مطابق شوگرملز مالک حاجی نشاط نے کاشتکاروں کو سیزن 2014/15 کے 678.90 ملین روپے کی ادائیگی کرنا تھی۔ عدالتی حکم پر کسانوں کی رقم کا چیک بطور گار نٹی ڈی سی قصور کو جمع کروایا گیا تھا لیکن جمع کرایا جانے والا چیک بوگس ثابت ہوا۔

بینک نے بوگس چیک میمو لگا کر کین کمشنر/ڈی سی قصور کو واپس کر دیا۔ اس طرح عدالتی احکامات کی نافرمانی ہوئی جس پر عدالت عالیہ نے حاجی نشاط کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت عالیہ کی جانب سے گرفتاری کے احکامات دیے جانے کے بعد حاجی نشاط عدالت سے فرار ہوگیا تھا جسے آج گرفتار کرلیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق صدر کسان اتحاد قصور چودھری تبسم بھلر نے حاجی نشاط کی گرفتاری پر الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے شوگر ملز مالک حاجی نشاط کو گرفتاری کے بعد وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے پیسے ہڑپ کرنے والوں کو وی آئی پی پروٹوکول دینا غیر مناسب ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کسانوں کے کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزم سے وہی سلوک کرے جو سائیکل چور یا بکری چور سے کرتی ہے۔

گنے کی ادائیگی کا معاملہ: سپریم کورٹ کی شوگر ملز مالکان کو وارننگ

صدر کسان اتحاد چوہدری تبسم بھلرنے خبردار کیا کہ اگر پولیس نے گرفتار ملزم حاجی نشاط کے ساتھ عام چوروں جیسا سلوک نہ کیا تو کل تحصیل بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ملزم کا پروٹوکول ختم کر کے اس سے پیسے وصول کیے جائیں جو کسانوں کو دیے جائیں۔


متعلقہ خبریں