غریب طبقے کو رعایت دینے کیلئے چھ ارب جاری

ہوشیار: یوٹیلیٹی اسٹورز پر سینکڑوں برانڈڈ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے بنیادی غذائی اجناس پر غریب عوام کو رعایت دینے کیلئے چھ ارب روپے کی خطیر رقم جاری کردی ہے۔

ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے مطابق پانچ ارب ضروری اشیائے خورد و نوش کی خریداری اور 1 ارب روپے ماہانہ سبسڈی کی مد میں جاری کیے ہیں۔

وفاقی حکومت نے جن اشیا پر رعایت دی ان میں چینی، دالیں، آٹا، گھی اور چاول شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے پاسکو سے2 لاکھ میٹرک ٹن سستی گندم بھی مہیا کی ہے جس سے ملک بھر میں سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں ضروری اشیائے خورو نوش کی خریداری کا سلسلہ مکمل ہونے والا ہے جس کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان 7 جنوری کو اس پیکج کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کے تمام اسٹورز پر روزمرہ استعمال کی اشیا سستے داموں دستیاب ہوں گی اورعوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔
وفاقی حکومت بھی عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے دیئے گئے پیکج پر نظر رکھے گی۔

خیال رہے کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔

حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ جنوری2020 کے آخری ہفتے میں پسے  ہوئے طبقے کی معاشی معاونت کیلئے ایک کارڈ جاری کیا جائے گا اور دیہاڑی دار لوگوں کو لنگرخانوں کے ذریعے طعام فراہم کرنے کا انتظام بھی جلد ہوگا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ معاشی اور اقتصادی بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔


متعلقہ خبریں