وزیراعظم عمران خان کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت سے پہلے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

خیال رہے کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے حکومت کی جانب مسودہ پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

آرمی ایکٹ میں ترمیم کا حکومتی مسودہ ہم نیوز نے حاصل کر لیا ہے، اسے پاکستان آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 کا نام دیا گیا ہے۔

مسودے کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت تین برس ہو گی جس میں مزید تین سال کی توسیع کی جا سکے گی۔

پاک فوج کے سربراہ کی تعیناتی یا توسیع صدر پاکستان وزیراعظم کے مشورے پر کریں گے اور اسے عدالت میں کسی صورت چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔

اسی طرح آرمی چیف کے عہدے پر عمر کی بنیاد پر ریٹائر ہونے کے قواعد لاگو نہیں ہوں گے۔

ترمیم کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس کو پاک فوج، فضائیہ یا بحری افواج سے تین سال کے لیے تعینات کیا جائے گا جس کی منظوری وزیراعظم کی مشاورت پر صدر پاکستان دیں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے بل پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، ان کا مطالبہ یہ ہے کہ انہیں بل کے متن پر اعتماد میں لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق حکومت آرمی ایکٹ میں ترامیم کی متفقہ منظوری کے لئے پرامید ہے، حزب اختلاف کو بل کے متن پر تفصیلی بریفنگ دے دی جائے گی۔

حزب اختلاف بھی آرمی چیف کے عہدے کو متنازعہ بنانے کے حق میں نہیں ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ایوانوں سے یہ بل متفقہ طور پر منظور کرایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں