سکھر: تین منزلہ عمارت زمیں بوس ہوگئی، تین افراد جاں بحق متعدد زخمی


سکھر: رہائشی عمارت اچانک زمیں بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق امدادی اداروں کے اہلکاروں نے ملبے تلے دبے دس افراد کو بحفاظت نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

کراچی میں6 منزلہ عمارت گر گئی، بھاری مالی نقصان کی اطلاع

ہم نیوز کے مطابق سکھر میں اسٹیشن روڈ پر واقع تین منزلہ رہائشی عمارت اچانک دھماکے سے گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر وہاں مقیم افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ابتدائی طور پر موصولہ اطلاعات کے مطابق ملبے تلے دبنے والے دس افراد کو نکال لیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق شدید زخمیوں میں سے ایک بچی حنیفہ اور دو خواتین خالدہ اور منہا دم توڑ گئی ہیں جب دیگر زخمی زیر علاج ہیں۔اطلاعات کے مطابق دو شدید زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی کمشنر سکھر شفیق احمد میہسر اور ڈپٹی کمشنر رانا عدیل نے جائے وقوعہ پہ پولیس کی بھاری نفری اور امدادی اداروں کے اہلکاروں کے ہمراہ پہنچ کر تمام کاموں کی ازخود نگرانی کی۔

ہم نیوز کے مطابق علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عمارت میں چار سگے بھائی اپنے خاندان کے ہمراہ رہتے ہیں۔ عمارت گرنے کی وجہ سے علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جب کہ علاقہ مکین امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔

میڈیا رپورـٹ کے مطابق کمشنر سکھر نے اس موقع پر کہا کہ عمارت گرنے کی دو دوجوہات ہوسکتی ہیں۔ جن میں سے اول یہ کہ یا تو عمارت کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہوگا اور یا پھر اس کو نقشے کے مطابق تعمیر نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش و تحقیق سے علم ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق حادثے کی اطلاع کے بعد پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے پہنچے ہیں جب کہ انتظامیہ ہیوی مشینری کا استعمال کرکے ملبہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ اگر کوئی ملبے تلے دبا ہوا ہو تو اس کو بحفاظت نکالا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملبے تلے ہوئے لوگوں کو فوراً ریسکیو کیا جائے۔

کراچی: کھارادر میں عمارت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، بچیاں زخمی

انہوں نے علاقہ انتظامیہ اور پولیس سمیت محکمہ صحت کو ہدایات دی ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کی بھرپور امداد کی جائے اور علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی نہ جائے۔


متعلقہ خبریں