گورنر پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کو منا لیا: ہڑتال 31 جنوری تک مؤخر کردی گئی

پی ٹی آئی: جہانگیر ترین گروپ کو منانے کا ٹاسک گورنر پنجاب کے سپرد

لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے  ٹرانسپورٹرزکو منا کر ہڑتال مؤخر کرنے پہ آمادہ کرلیا۔ ٹرانسپورٹرز نے 31 جنوری تک اپنی ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ہڑتال کے مؤخر ہونے سے ستائے مسافروں نے کئی گھنٹوں بعد سکھ کا سانس لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گورنرپنجاب چودھری محمد سرور نے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز اینڈ گڈز کے نمائندہ وفد سے مذاکرات کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت چار رکنی کمیٹی بنائے گئی جو ٹرانسپورٹرز کی چار رکنی کمیٹی سے مذاکرات کرکے مسائل کا حل تلاش کرے گی۔

گورنر پنجاب کا ملک کو غربت، مہنگائی اور کرپشن سے نجات دلانے کا عہد

اس موقع پر موجود پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب خان کھچی نے دعویٰ کیا کہ 31 جنوری سے قبل ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹرانسپورٹرز ایسیوسی ایشن عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ہڑتال ختم نہیں مؤخر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتی ادوار میں بھی ہمارے مسائل حل کرنے کی یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں لیکن ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ان کا کہنا تھا کہ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ گڈز کے وزن کا معاملہ کافی عرصے سے چل رہا ہے اور ٹرانسپورٹرز محکمہ کسٹم کے حوالے سے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔

عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے مسائل کے حل تک ہڑتال معطل کرنے کے لیے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ مسائل کے فوری حل میں پل کا کردار ادا کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پہ بھاری جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کردی تھی جس کی وجہ سے لاہور، پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اورملتان سمیت دیگر کئی شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رہی ۔

پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا رہا اور وہ بھاری بھرکم سامان کے ہمراہ بس اڈوں پہ ہڑتال ختم ہونے کا انتظار کرتے رہے جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث ٹرینوں میں بے پناہ رش بھی دیکھنے میں آیا۔

ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال

ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی گونج قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی سنی گئی جہاں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر بھاری جرمانوں کا اطلاق فی الحال روک دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نئے اعلان کردہ جرمانوں کا اطلاق آج سے ہونا تھا۔


متعلقہ خبریں