آرمی ایکٹ پر بحث کی ضرورت نہیں، جمعہ سے پہلے منظور ہو جائے گا، غلام سرور خان

آرمی ایکٹ پر بحث کی ضرورت نہیں، جمعہ سے پہلے منظور ہو جائے گا، غلام سرور خان

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بل پر بحث کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ قومی ایشو ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات ود عادل شاہزیب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے کل جمعہ سے پہلے ہی بل منظور ہو جائے گا۔

ن لیگ کے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کے رہنماؤں کو بڑی بات نہیں کہنی چاہیئے تھی اور بل کی منظوری میں ساتھ دینے پر کوئی شرائط عائد نہیں کرنی چاہیئے تھیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ چھڑی چلانے والوں نے چھڑی چلائی ہے اور ن لیگ نے وہی کیا جو انہیں کرنا چاہیئے تھا۔

مزید پڑھیں : آرمی ایکٹ میں ترامیم، بلاول کا قانونی طریقہ کار اختیار کرنے پر زور

ان کا کہنا تھا کہ بلاول کا بل کی منظوری کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے والا بھی سیاسی بیان ہے ورنہ وہ بھی اس کے حق میں ووٹ دیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بل متفقہ طور پر پاس ہو گا، جمعہ کے بعد سینیٹ بھی اسے منظور کر دے گا، تاہم اگر اسے قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا تو وہاں سے بھی ایک دن میں سفارشات آ جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کھانے کے دانت اور ہیں اور دکھانے کے اور، یہ کہتے اور ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں۔

 


متعلقہ خبریں