امریکہ کے ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی ہلاک

امریکہ کے ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی ہلاک

فائل فوٹو


بغداد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پرعراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں ایران کے جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پر ہونے والے فضائی حملے سے ہلاک ہونے والے افراد میں الحشد الشعبی ملیشیا کا رہنما اور عراقی فوج کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پرامریکی فوج نے کارروائی کی اور غیر ملکی دہشتگرد تنظیم ایرانی پاسداران انقلاب قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا۔  امریکی اہلکاروں کے تحفظ کے لئے فیصلہ کن دفاعی کارروائی کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈورن حملہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کیا گیا۔ پنٹاگان نے کہا کہ جنرل سلیمانی عراق میں امریکی سفارتکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ جنرل قاسم سلیمانی اور ان کی فوجیں سینکڑوں امریکیوں کی ہلاکت اور ہزاروں کو زخمی کرنے میں ملوث تھے۔

امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا شمار آیت اللہ خامنئی کی حکومت کے انتہائی بے رحم اراکین میں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی کے ہاتھ امریکی خون سے بھرے ہوئے تھے، صدر ٹرمپ کے ایرانی جارحیت کے خلاف جرات مندانہ اقدام کی تعریف کرتا ہوں، ایرانی حکومت کو کہتا ہوں کہ اگر وہ مزید چاہتے ہیں توانہیں زیادہ ملے گا۔

امریکی ڈیموکریٹک صدراتی امید وار جوئے بائڈن نے کہا ہے کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے مشرق وسطی ایک ‘بڑے تنازعہ’ کے دہانے پر آسکتا ہے۔

مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ  نے اس ضمن میں اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ نے ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کر دیا۔

انہوں نے لکھا کہ قاسم سلیمانی ایران کے دوسرے طاقتور ترین کمانڈرتھے، ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ یہ تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل عراق میں امریکی سفارت خانے پر ہزروں افراد نے دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔ مظاہرین نے نیم عسکری جنگجو گروپ حشد الشعبی کے پرچم بھی سفارت خانے کی دیواروں پر لہرائے تھے۔

نیم عسکری جنگجو گروپ حشد الشعبی کے متعلق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس شیعہ تنظیم کو ایران کی پشت پناہی حاصل ہے۔ امریکہ نے سفارت خانے پر مظاہرین کے دھاونے کا الزام بھی ایران پر لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں