جنرل قاسم سلیمانی کے قاتل بدلےکا انتظار کریں، خامنائی

جنرل قاسم سلیمانی کے قاتل سنگین بدلے کا انتظارکریں، خامنائی

فائل فوٹو


تہران: ایران کے سپریم  لیڈر آیت اللہ خامنائی نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر ردعمل میں کہا ہے کہ مارنے والے قاتل سنگین بدلے کا انتظارکریں۔

انہوں نے کہا کہ سلیمانی جنت چلے گئے ہیں وہ ایک بہادر سپاہی تھے، سلیمانی کے قتل نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کو مزید دگنا کر دیا ہے۔

آیت اللہ خامنائی نے کہا کہ جنرل سلیمانی کا نہ ہونا تلخ ہے لیکن جدوجہد فتح تک جاری رہے گی اور مجرموں کی زندگی کو مزید تلخ بنا دیں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی ڈرون حملے کے باعث ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پرشدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس کے خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ امریکہ نے دہشت گردی  کارروائی میں جنرل سلیمانی کو نشانہ بنایا اور ان کا قتل کیا جو داعش اور القاعدہ کے خلاف موثر انداز میں لڑ رہے تھے۔

وزیردفاع امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے جلد بدلہ لے گا۔ سلیمانی کے ناجائز قتل کا تباہ کن بدلہ لیا جائے گا، ہم ان تمام افراد سے بدلہ لیں گے جو اس کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔ امیر حاتمی نے کہا کہ ایران قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے جلد بدلہ لے گا۔

ایرانی حکومت نے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے جاں بحق ہونے کے بعد ایران کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کا فوری اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں امریکہ کو جواب دینے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

تہران نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو بھی طلب کرلیا ہے جو ایران میں امریکی مفادات کے ذمہ دار ہیں۔

خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پرعراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں ایران کے جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پر ہونے والے فضائی حملے سے ہلاک ہونے والے افراد میں الحشد الشعبی ملیشیا کا رہنما بھی شامل ہے۔

امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا شمار آیت اللہ خامنئی کی حکومت کے انتہائی بے رحم اراکین میں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی کے ہاتھ امریکی خون سے بھرے ہوئے تھے، صدر ٹرمپ کے ایرانی جارحیت کے خلاف جرات مندانہ اقدام کی تعریف کرتا ہوں، ایرانی حکومت کو کہتا ہوں کہ اگر وہ مزید چاہتے ہیں توانہیں زیادہ ملے گا۔

مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ  نے اس ضمن میں اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ نے ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کر دیا۔

انہوں نے لکھا کہ قاسم سلیمانی ایران کے دوسرے طاقتور ترین کمانڈرتھے، ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ یہ تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عراق میں امریکی سفارت خانے پر ہزروں افراد نے دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔ مظاہرین نے نیم عسکری جنگجو گروپ حشد الشعبی کے پرچم بھی سفارت خانے کی دیواروں پر لہرائے تھے۔

نیم عسکری جنگجو گروپ حشد الشعبی کے متعلق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس شیعہ تنظیم کو ایران کی پشت پناہی حاصل ہے۔ امریکہ نے سفارت خانے پر مظاہرین کے دھاونے کا الزام بھی ایران پر لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں