پی سی بی کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کھلاڑیوں پر جرمانہ کرنے کا فیصلہ


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ہفتے ‏سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے مطلوبہ معیار حاصل نہ کرنے والے کھلاڑیوں پر ماہانہ ریٹینر شپ کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرنے کا  فیصلہ کیا گیا ہے جو اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک وہ فٹنس کے طے کردہ کم سے کم معیار کو حاصل نہیں کر لیں۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروف تین کرکٹرز محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان فٹنس ٹیسٹ میں شرکت نہیں کریں گے، ان کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی نگرانی قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک کریں گے۔ ہر کھلاڑی کا فٹنس ٹیسٹ پانچ حصوں پر مشتمل ہوگا۔

کھلاڑیوں کی فیٹ اینالسز، اسٹرینتھ، اینڈیورنس، اسپیڈ اینڈیورنس اور کراس فٹ کو جانچا جائیگا، مسلسل ناکامی کی صورت میں کرکٹر کا سنٹرل کنٹریکٹ برقرار رکھنا بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔

فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری میں تنزلی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔

خیال رہے  کٹیگری اے میں بابر اعظم، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں، جبکہ کٹیگری بی میں اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کٹیگری سی میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں