حکومتی اراکین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست واپس


اسلام آباد: سپریم کورٹ میں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، اٹارنی جنرل اور مشیر برائے احتساب  شہزاد اکبر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی گئی ہے۔

درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر واپس کر دی، اعتراض لگایا گیا ہے کہ پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے کسی فیصلے کی حکم عدولی نہیں کی گئی، توہین عدالت پر نوٹس لینے سے متعلق درخواست پہلے سے موجود ہے۔

درخواست پرویز مشرف کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کیخلاف پریس کانفرنس کرنے پر دائر کی گئی تھی جس میں درخواست گزار ایڈووکیٹ شبیر حسین گیگیانی نے مذکورہ شخصیات کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی تھی۔

پریس کانفرنس میں جسٹس وقار سیٹھ  کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویزمشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم سنا دیا تھا۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ بینچ میں جسٹس شاہد کریم اور جسٹس نذر اکبر بھی شامل تھے۔


متعلقہ خبریں