پارلیمان کا اجلاس ملتوی کیوں ہوا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کون کون غیر حاضر ؟

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سینیٹ اور قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کی تاریخ اچانک تبدیل کیے جانے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آرمی ایکٹ ترمیمی بل سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں میں مکمل اتفاق رائے پیدا کرنے اور چھوٹی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے وقت چاہیے تھا جس کے لیے اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔

حکومت دونوں ایوانوں سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرانا چاہتی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے دونوں ایوانوں میں بل پر بحث کا بھی مطالبہ کر دیا ہے، حکومت اس دوران اپوزیشن کے مطالبات پر ان سے مزید مشاورت جاری رکھے گی۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق جماعت اسلامی اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف سمیت دیگر قوم پرست جماعتوں کے بھی تحفظات دور کیے جائیں گے کیونکہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی تقرری اور توسیع کے معاملے پر سب میں اتفاق رائے چاہتے ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی سے بلز کی منظوری کے لیے صرف سادہ اکثریت درکار ہے پھر بھی کوشش کی جارہی ہے کہ بل کو تمام جماعتوں کے حمایت سے منظور کرایا جائے۔

خیال رہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہونا تھے جس کا ایجنڈا بھی جاری ہوچکا تھا تاہم اب دونوں ایوانوں کے اجلاس پیر کو ہوں گے۔


متعلقہ خبریں