قاسم سلیمانی کی ہلاکت، ایران نے انتقام کی علامت ’سرخ جھنڈا‘ لہرا دیا


تہران : ایرانی حکومت نے قم کی مسجد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا ہے جو ان کی طرف سے علامتی اعلان جنگ سمجھا جاتا ہے۔

ایرانی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے، جھنڈا لہرانے کی تقریب ایران کی اپنے کمانڈر کا بدلہ لینے کی سنجیدگی کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔

شہر قم اہل تشیع کے لیے مقدس شہر سمجھا جاتا ہے، اس کی مشہور جمکرن مسجد پر جھنڈا لہرانے کی تقریب ریاستی ٹیلی وژن پر دکھائی گئی۔

https://twitter.com/SiffatZahra/status/1213412757107888128?

ایرانی ثقافت میں سرخ جھنڈا نہ صرف ناانصافی پر مبنی قتل کی علامت ہے بلکہ مقتول کا بدلہ لینے کے عزم کا بھی مظہر سمجھا جاتا ہے۔

ایرانی روایت کے مطابق امام حسین ؓ کی شہادت کے بعد کربلا میں ان کے مزار پر یہ جھنڈا لہرایا گیا تھا اور اس کے بعد ابھی تک وہاں لہرا رہا ہے۔

حالیہ تاریخ میں پہلی بار جمکران کی مسجد پر اسے لہرایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : امریکہ کے ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی ہلاک

یہ بھی پڑھیں : امریکی ڈرون سے ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کون تھے؟

یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ کے باہر امریکی فضائی حملے میں ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور الحشدالشعبی ملیشیا کے رہنما سمیت متعد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حملے کے بعد وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پرامریکی فوج نے کارروائی کی اور غیر ملکی دہشتگرد تنظیم ایرانی پاسداران انقلاب قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا۔  امریکی اہلکاروں کے تحفظ کے لئے فیصلہ کن دفاعی کارروائی کی گئی ہے۔

اس حملے کے بعد مشرق وسطیٰ شدید کشیدگی کا شکار ہو گیا ہے جبکہ ایران نے اپنے کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنبیہ کی ہے کہ اگر ایران نے حملہ کیا تو اس کے 52 مقامات کو نشانہ بنائیں گے۔

مزید پڑھیں : خطے میں امن خراب کرنے والے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے،ترجمان پاک فوج


متعلقہ خبریں