پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے قربانی دینی ہو گی، فردوس عاشق اعوان


سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں یقین دلاتی ہوں قوم کے مشکل دن ختم ہونے والے ہیں تاہم پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے قربانی دینی ہو گی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کی امیدوں کا محور ہیں اس لیے پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے نئے نئے طریقے اپنانے کی کوشش کرتا ہے۔ بھارت نے نہتے کشمیریوں کو 5 ماہ سے محصور کر رکھا ہے جس کے بعد بھارت کا مکروہ اور ریاستی دہشت گردی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا تھا لیکن 70 سال گزرنے کے باوجود بھی کشمیری اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے اور بھارتی اقدامات کے خلاف خود بھارت میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کبھی بھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے امن کی شمع کو روشن کیا اور وہ مذاکرات کے ذریعے ہر مسئلے کا حل چاہتے ہیں جس کے لیے وہ خطے کے امن کو تباہ ہونے سے بچانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کی واپسی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں لیکن پاکستان میں کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ حکومت کامیاب ہو۔ ہمیں احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے حالات مشکل ہیں تاہم قومیں مشکل وقت میں ہی قربانیاں دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مسلمانوں کیخلاف ٹارگٹڈ حملے آر ایس ایس کے ایجنڈے کا حصہ ہے، عمران خان

انہوں نے ایران امریکہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارا مذہب، ثقافت، تہذیب وتمدن کا رشتہ ہے اور خطے میں موجودہ کشیدگی کی لہر تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں