مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ 1027 پوائنٹس گر گئی

اسٹاک مارکیٹ: شدید مندی، سرمایہ کاروں کے 332 ارب روپے ڈوب گئے

فوٹو: فائل


 کراچی: مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ 1027 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوئی۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی رہی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 42 ہزار 323 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران ہی 100 انڈیکس 809 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41 ہزار 514 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا نظر آیا۔

کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں کسی قسم کی بہتری نظر نہیں آئی اور انڈیکس منفی زون میں ہی ٹریڈ کرتا نظر آیا۔ کاروبار کے دوران ایک ہزار 116 پوائنٹس کی بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 41 ہزار 207 کی سطح تک گر گیا تھا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا اختتام 1027 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 41 ہزار 296 پوائنٹس پر ہوا۔ 100 انڈیکس میں 2 اعشاریہ 49 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی۔

کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 200,004,520 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 9,261,240,910 بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق امريکا ايران کشيدگی کی وجہ سے سرمايہ کار محتاط ہيں اور عالمی اسٹاک مارکيٹ ميں بھی مندی کےاثرات ہيں۔

یہ بھی پڑھیں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

سال 2020 کے پہلے دن 100 انڈیکس 1080 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے ساتھ 42،480 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جو 14 ماہ بعد کی بلند ترین سطح تھی۔


متعلقہ خبریں